6 اگست 2016 - 01:29
وفاقی وزیر چودھری نثار علی خان نے علامہ ناصر عباس کی ہسپتال میں کی عیادت

علامہ ناصر عباس گزشتہ تین ماہ سے بھوک ہڑتال پر تھے۔4روز قبل طبیعت اچانک خراب ہونے کے باعث انہیں اسلام آباد کے ایک مقامی ہسپتال میں پہنچایا گیا

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلام آباد( )وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی عیادت کے لیے ہسپتال پہنچ گئے۔علامہ ناصر عباس گزشتہ تین ماہ سے بھوک ہڑتال پر تھے۔4روز قبل طبیعت اچانک خراب ہونے کے باعث انہیں اسلام آباد کے ایک مقامی ہسپتال میں پہنچایا گیا جہاں وہ ابھی تک زیر علاج ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ علامہ ناصر عباس صر ف ملت تشیع کے رہنما ہی نہیں بلکہ ملت پاکستان کا سرمایہ بھی ہیں۔قومی یکجہتی ،وحدت اور رواداری کے فروغ میں ان علما کا کردارانتہائی قابل قدر اور مثبت رہا ہے۔انہوں نے علامہ راجہ ناصر عباس کو مطالبات کی منظوری اور ان پر عمل درآمد کی یقین دہانی کراتے ہوئے بھوک ہڑتال ختم کرنے کی اپیل بھی کی۔علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وفاقی وزیر کی آمد پر ان شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مرکزی کابینہ سے مشاورت کے بعد بھوک ہڑتال سے متعلق فیصلہ سے آگاہ کروں گا۔ اس موقعہ پر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی اورمرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی بھی موجود تھے۔یہاں یہ واضح رہے کہ تین ماہ کی بھوک ہڑتال کے دوران پاکستان کی تمام بڑی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے مرکزی رہنما بھوک ہڑتالی کیمپ کا دورہ کر کے علامہ ناصر عباس سے مکمل اظہار یکجہتی کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ ان سے بھوک ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کر چکے ہیں۔علامہ ناصر شوگر اور دل کے عارضہ میں بھی مبتلا ہیں ۔ان کی صحت کے حوالے سے ان کے اقربا ،احباب اور تنظیمی ساتھیوں کو شدید تشویش لاحق ہے اور وہ علامہ ناصر عباس سے بھوک ہڑتال ختم کرنے کی بارہا درخواست کر چکے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲